خیبر پختونخوا میں مون سون کے پہلے اسپیل میں آسمانی بجلی گرنے،آندھی ،بارش اور سیلابی ریلے سے اب تک سات افراد جاں بحق اور انیس زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کےمطابق جاں بحق افراد میں 2 مرد، ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کےمطابق بارشوں اور فلش فلڈ سے مجموعی طور پر 38 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 2 گھرمکمل طور پر منہدم ہوگئے،خیبر،لوئردیر،اپردیر،مردان، شانگلہ، باجوڑ اور لوئر چترال میں جانی و مالی نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں بارش اور آندھی سے 24 گھنٹوں میں 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی ہوگئے،دیواریں، چھتیں اورسائن بورڈ گرنے سےمختلف اضلاع متاثر ہوئے،اٹک میں دیوار گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی ہوئے،خوشاب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کےمطابق سرگودھا میں تیز آندھی کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی، جبکہ شیخوپورہ میں لکڑی کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
بلوچستان میں بھی موسلا دھاربارش ۔ ژوب میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں خاتون اور دو بچوں کی جان چلی گئی۔





















