پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ بلا ( انتخابی نشان ) خطرے میں ہے اور ہم اسے بچانے کے لئے نکلے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیخلاف الگ الگ درخواستیں جمع کرا دیں ہیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے فعال کارکن نے بھی درخواست جمع کرائی ہے جبکہ بلال رانا سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی درخواستیں جمع کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کر دیے
اکبر ایس بابر نے کہا کہ اگست 2002 میں پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن کمیشن میں درخواست دی تھی جس میں بلے کا نشان دینے کی درخواست کی گئی تھی، آج ہی بلا خطرے میں ہے جسے بچانے کے لئے ہم نکلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وکلا کی صورت میں نئے لوگ اچانک پارٹی میں نمودار ہوگئے ، ہمیں ایزی لوڈ کہنے والےخود ڈاؤن لوڈ ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخاب الیکشن ایکٹ 2017 کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے نئے انٹراپارٹی انتخابات کا حکم دے ، میرے حق میں 3 جوڈیشل کمیشن سے تحریری فیصلے آئے ہیں ، خودساختہ پی ٹی آئی نمائندوں نے الیکشن کمیشن میں کھلم کھلا جھوٹ بولا ، پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن میں بھی ان کا جھوٹ نظر آیا ، پشاور میں چند لوگوں کو اکٹھا کر کے قبول ہے کے نعرے لگوائے گئے ، جس شخص کو چیئرمین بنایا گیا ہے اس کا دور دور تک پی ٹی آئی سے تعلق نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیرجانبدارانہ مانیٹرنگ میں پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن کرائے جائیں ، جسٹس ( ر ) وجیہ نے 2013 کے انٹراپارٹی انتخابات کو مسترد کیا تھا ، تمام حقائق الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے جائیں ، شفاف الیکشن کرانے تک پی ٹی آئی کو بلے کا نشان نہ دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹراپارٹی الیکشن کاغذی کارروائی اور ناٹک ہوتا ہے ، یہ ناٹک پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں میں بھی ہوتا ہے ، الیکشن سے قبل تمام جماعتوں کی فنڈنگ کی اسکروٹنی ہونی چاہیے ، سیاسی جماعتوں کو جمہوری بنانے تک لیڈرشپ نہیں ملے گی ، سیاسی جماعتیں چند اشخاص اور خاندانوں کے قبضے میں ہیں ، چند اشخاص اور خاندان میرٹ پر لوگوں کو آگے نہیں آنے دیتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ورکر محض ڈنڈے کھانے اور جیلوں کیلئے نہیں ، پی ٹی آئی کے ورکرز کو لیڈرشپ چننے کا حق دیا جائے ،آپ اپنے پارٹی ممبرز کو کیوں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دیتے؟۔