پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کر دیے۔
بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن نئے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے۔
اکبر ایس بابر کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شفاف انٹرا پارٹی انتخاب کی نگرانی کیلئے تیسرا فریق مقرر کیا جائے اور الیکشن کرانے تک انتخابی نشان’ بلا‘ استعمال کرنےکی اجازت نہ دی جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی الیکشن محض دکھاوا اور الیکشن کمیشن کو دھوکہ دینے کی کوشش تھی ، فراڈ انتخابی عمل نے پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ دینے اور الیکشن لڑنے سے محروم کیا ، یہ انتخابات الیکشن ایکٹ 217 کے سیکشن 208 اور ذیلی شق 2 کی خلاف ورزی ہے۔
اکبر ایس بابر نے اپنی درخواست کے ساتھ ویڈیوز اور دیگر شواہد بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں۔