سپریم کورٹ نے افغان شہریوں کی جبری بے دخلی کے کیس میں گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت اپیکس کمیٹی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
حکمنامے کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے بڑے پیمانے پر افغان مہاجرین کی بے دخلی کے نگران حکومت کے اختیارات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ نگران حکومت کو آئینی اور قانونی اختیار نہیں کہ وہ افغان مہاجرین کو غیر انسانی طریقے سے بے دخل کرے۔
درخواست گزار کے وکیل نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کے سیکشن چار کی نشاندہی بھی کی۔ عدالت نے معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے سیکشن چار کے تحت آئینی تشریح کے مقدمات کی سماعت کم از کم پانچ رکنی لارجر بینچ کرے گا۔ کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔