عسیر کے گورنر اور عسیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز نے عسیر سمر سیزن 2026 کا کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’لیو دا سکائی‘ کے عنوان کے تحت شروع ہونے والے اِس سیزن کو وزارتِ سیاحت اور سعودی سیاحتی اتھارٹی کا تعاون حاصل ہے۔ مملکت کا ’نیشنل ایونٹس سینٹر‘ بھی ان کوششوں میں شراکت دار ہے۔
موجودہ سمر سیزن میں عسیر میں 100 کے قریب مختلف تجربات کا انعقاد کیا جائے گا جن کی پہلے سے بُکنگ کی جا سکتی ہے۔ یہ تجربات اِس علاقے کی متنوع چیزوں کو سیاحوں کے سامنے لائیں گے۔ توقع ہے کہ موجودہ سمر سیزن، 30 لاکھ سے زیادہ افرد کے لیے دلچسپی کا سامان لیے ہوئے ہوگا۔
اِس سیزن کے باعث تین ہزار کے قریب ملازمتوں کے ایسے مواقع پیدا ہونے کا بھی امکان ہے جن کی ضرورت موسمی سرگرمیوں کی وجہ سے پڑتی ہے۔ اِس سے سیاحتی شعبے کا معیشت پر مثبت اثر پڑے گا اور مقامی پیداورا کے ذرائع میں اضافہ ہوگا۔
اِن ممکنہ فوائد سے عسیر ریجن کے تجربات کی بھی عکاسی ہوتی ہے جہاں کے فلک بوس پہاڑ، ٹھنڈا موسم، روایتی دیہات اور قدرتی ٹریلز باہم مل کر ایسی پیشکش کو سامنے لاتے ہیں جہاں مہم جُوئی، پُرسکون ماحول، ثقافت اور وراثت سب ایک جگہ جمع ہو جاتے ہیں۔
سمر سیزن میں کئی ایسی تفریحی چیزیں پھر سے دیکھنے کو ملیں گی جو آنے والوں کو ایک نیا تجربہ پیش کریں گی۔ اِن میں طلال مداح تھیئٹر کا دوبارہ کُھلنا بھی شامل ہے جس کو پہلے سے زیادہ بہتر بنانے کے لیے کافی کام کیا گیا ہے۔
یہ سیزن مختلف گورنریٹس تک پھیلا ہوگا جسے میزبانی کے 14000 سے زیادہ یونٹوں کا تعاون حاصل ہوگا جو ایک پائیدار سیاحتی منزل کے طور پر عسیر کی پوزیشن کو مستحکم کرے گا۔
اس سیزن کی متنوع پیشکش کو چار چاند لگانے کے لیے عسیر میں میزبانی اور مہان نوازی کے نئے منصوبے لگائے جائیں گے جن کی مالیت 444 ملین ریال ہے۔ اِن سے سیاحوں کے تجربات بہتر ہوں گے اور سیاحت کے شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔






















