مشیر وزیراعظم راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ مصدقہ اطلاعات ہیں بھارت 5 ڈیم بنا رہاہے۔ پانی کے معاملے پر ہمیں بھارت کیساتھ کچھ کرنا پڑا تو ضرور کریں گے۔
سماء کے پروگرام "ندیم ملک لائیو" میں گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہا کہ چیئرمین واپڈا اور میری ملاقات ہوئی تھی، ہم نےپانی کےمعاملے پر صدرمملکت سے بھی ملاقات کی، بھارت5ڈیم بنا رہا ہے، ڈیم بننے کے بعد بھارت چناب کا پانی روک سکے گا۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ہمیں فصلوں کیلئے ضرورت ہوگی تو بھارت پانی روکےگا، ہمیں ضرورت نہیں ہوگی تو بھارت پانی چھوڑے گا جس سے سیلاب آئےگا، حل یہ ہےکہ ہمیں بھی 3 سے 4 پانی کے ذخائر بنانے چاہئیں، بھارت پانی چھوڑے تو ہم اُسے ذخیرہ کرلیں۔
راناثنااللہ نے کہا کہ امریکا ایران کے درمیان تیسری عالمی جنگ ہونےجارہی تھی،اُس کو رکوایاگیا، امریکا ایران کی جنگ بندی کا تاریخی کارنامہ پاکستان نے انجام دیا، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیرکوتاریخ یادرکھے گی، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ہیروز ہیں،تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم سےدرخواست کروں گامعرکہ حق اورامن معاہدےپرکتاب لکھیں، ایک پیج مذاق بنا ہوا ہے،اچھے معنوں میں نہیں لیاجاتا، وزیراعظم اور فیلڈمارشل کے درمیان خلوص،عزت واحترام کارشتہ ہے۔ فیلڈمارشل عاصم منیرمعاملہ فہم ہیں۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ میں تبدیلی وزیراعظم کا استحقاق ہے،جب چاہیں کردیں، وزیراعظم میٹنگز میں کچھ لوگوں سے ناراض ہوتے رہتےہیں، ضروری نہیں جس سےناراض ہوں اُس کوتبدیل کردیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے مسائل میں شفاف الیکشن بہتری لاسکتےہیں، آزادکشمیر میں شفاف الیکشن کرانے چاہئیں، آزاد کشمیرالیکشن جیتنےکی کوشش کریں گے۔ گلگت بلتستان میں شفاف الیکشن ہوئے، ہمیں گلگت بلتستان میں حکومت سازی کیلئے پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرناچاہیے۔






















