پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ سے جیل میں کسی نے مذاکرات نہیں کئے ، میں آج آپ کو واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی ۔
پیر کے روز اڈیالہ جیل میں سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سابق چیئرمین اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جس کے دوران عدالت نے ملزمان پر 12 دسمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماعت کے بعد کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ سے کسی نے مذاکرات کئے ؟ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ مجھ سے کوئی ملا نہ ہی مذاکرات کیے۔
صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ حالات بتاتے ہیں آپ کو طویل عرصے تک جیل میں رہنا پڑے گا جس پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا جان دینے کو بھی تیار ہوں۔
یہ بھی پڑھیں ۔ سائفر کیس، عمران خان اور شاہ محمود پر 12 دسمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نو مئی لندن پلان کا حصہ تھا، مجھے غیر آئینی طور پر پکڑا گیا ، 48 گھنٹوں میں10 ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا، یاسمین راشد واضح طور پر کہہ رہی ہیں کہ لوگ اندر نہ جائیں ، سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ لیں ان کو کون اندر لے کر گیا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خاورمانیکا کے ذریعےجھوٹا الزام لگایا گیا ، یہ اخلاق سے گرے ہوئے ہیں، قسم اٹھانے کو تیار ہوں ، بشریٰ بی بی کو اس دن دیکھا جس دن نکاح ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیغام دینا چاہتا ہوں آپکا کپتان آخری سانس تک لڑنے کیلئے تیار ہے ، لندن پلان نوازشریف کو لانے اور ہمیں جیلوں میں ڈالنے ، پی ٹی آئی ختم کرنے کیلئے تھا ، میں آج آپ کو واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی ، حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ 6 اعشاریہ17 کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں ،لوگ کیا پاگل ہیں؟ انہیں نہیں پتہ کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔