فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایفل ٹاور کے قریب چاقو کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔
رپورٹس کے مطابق پیرس میں ایفل ٹاور کے قریب مشہور پُل بیر حکیم پر ایک شخص نے چاقو کے حملے سے ایک شخص کو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا۔
پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر کے علاقہ کو سیل کردیا جبکہ انسداد دہشت گردی پراسیکیوٹر نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والا شخص جرمن شہری تھا۔
فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے بتایا کہ متاثرہ شخص اپنی بیوی کے ساتھ تھا جب اس پر حملہ کیا گیا اور اسے جان لیوا چھرا گھونپا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹیکسی ڈرائیور کی مداخلت سے مقتول کی بیوی کی جان بچ گئی اور مشتبہ شخص قریبی پل کو عبور کر کے فرار ہو گیا، تاہم، اس کے بعد اس شخص نے دو اور لوگوں پر حملہ کیا اور ایک کی آنکھ میں ہتھوڑا مارا۔
واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد میں سے ایک کا تعلق فرانس سے ہی ہے اور اسکی عمر 60 سال کے لگ بھگ ہے جبکہ دوسرا ایک غیر ملکی سیاح ہے اور دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔
وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ مبینہ حملہ آور نے حملہ کرنے سے قبل ’’ اللہ اکبر ‘‘ کا نعرہ لگایا جبکہ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ افغانستان اور فلسطین میں بہت سارے مسلمانوں کی اموات کی وجہ سے پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشتبہ شخص نے 2016 میں ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں سزا پانے کے بعد چار سال قید کی سزا کاٹی اور وہ فرانسیسی سکیورٹی سروسز کی واچ لسٹ میں شامل تھا۔
وزیر نے مزید کہا کہ اس شخص کو نفسیاتی عارضے کا بھی سامنا تھا۔