کوئٹہ کے نواحی علاقے پنجپائی اور نوحصار میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 4 سی ٹی ڈی اہلکار شہید ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ مقابلے کے دوران 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کا مقصد علاقے میں موجود دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا۔ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے سی ٹی ڈی بلوچستان کے 4 شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں نےجان قربان کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، بھارتی اسپانسرڈ 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو سلام پیش کرتے ہیں، سی ٹی ڈی بلوچستان کے شہید اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔





















