نیویارک ٹائمز نے کہاہے کہ امریکہ اور ایران معاہدے کے قریب آ گئے ہیں جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کلیدی کردار ادا کیا ۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل کا حالیہ دورہ ایران اعلی سطح کی سفارت کاری ہے،پیشرفت کے باوجود بنیادی اختلافات ابھی برقرار ہیں،ایران کے یورینیم افزودگی پروگرام پر اب تک پیشرفت نہیں ہوئی۔
آئی ایس پی آر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کا مختصر لیکن انتہائی نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں جس دوران فیلڈ مارشل نےایران امریکہ جنگ کے مستقل خاتمے کیلئے ثالثی کی کوششوں کے تحت اعلیٰ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد پیدا علاقائی کشیدگی میں کمی اور تعمیری روابط کو فروغ دینا تھا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان ، اسپیکر باقر قالیباف، وزیرخارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں امن و استحکام اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مشاورتی عمل تیز کرنے پر بات چیت کی گئی،ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، ثالثی کے عمل میں بامعنی کردار ادا کیا،24گھنٹوں میں ہونے والی طویل بات چیت میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی،ایرانی قیادت نے مذاکرات میں سہولت کاری اور مسائل کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔





















