سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان کی پوزیشن بنگلادیش کے خلاف مزید ناز ک ہوگئی۔
چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے ہیں اور ٹیم کو فتح کیلئے مزید 121 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 75 اور ساجد خان 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے 71، 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں جبکہ بابراعظم 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اذان اویس 21، عبداللہ فضل اور سعود شکیل 6، 6 رنز بناسکے جبکہ حسن علی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کی جانب سے تیج السلام نے 4، ناہید رانا نے 2 اور مہدی حسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بناکر پاکستان کو جیت کیلئے 437 رنز کا ہدف دیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلادیش نے پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔





















