وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم یوتھ اسکل پروگرام اور دانش اسکولز کیلئے 3.91ارب روپے کی منظوری دیدی ، 1989کے کشمیری مہاجرین کا گزارہ الاؤنس 3500سےبڑھا کر 6 ہزار روپے کر دیا گیا ۔ 57 کروڑ 88 لاکھ کے اضافی فنڈ بھی منظور کر لئے گئے ۔
اعلامیہ کےمطابق ای سی سی نے قومی صحت پروگرام کیلئے 150 کروڑ روپے جاری کر دیئے ۔ ریلوےکے واجبات کی ادائیگی کیلئےایک ارب روپے کا وزیراعظم پیکج منظور کر لیا گیا۔ نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کیلئےبھی ایک ارب روپےکی منظوری دیدی گئی ۔ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کی اصولی منظوری بھی دیدی گئی۔ اس کے تیس فیصد شیئرز فروخت کرنے اور انتظام این ایل سی کو دینےکی تجویز ہے۔
ای سی سی نےقیمتی پتھروں کی صنعت کیلئے دو ہزار پانچ سال کیلئےنئی قومی پالیسی منظور کر لی۔ اس سے قیمتی پتھروں کی برآمدات اور روزگار بڑھانے کا ہدف ہے ۔ وزیراعظم آفس کی مرمت کیلئے سولہ کروڑ روپے اور ایف سی کے پی (نارتھ) اسپتال کیلئے اڑتالیس کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی ۔






















