خیبرپختونخوا میں نزلہ زکام ،کھانسی اور سینہ کے امراض پھیلنے لگے،6 مہینے میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 30 ہزارسے زائد لوگ لپیٹ میں آئے۔ محکمہ صحت نے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے سبب ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق سردیاں آتے ہی نزلہ زکام اور کھانسی ہونا معمول کی بات ہے لیکن اس بار ان علامات کے پیچھے انفلوئنزا کی بھی خبر دی جارہی ہے کہ یہ بیماری خیبرپختونخوا کے 35 اضلاع میں وبا کی شکل اختیار کرچکی ہے اور اب تک اس سے ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نزلہ زکام ہوتے ہی لوگوں کو وہی احتیاطیں کرنی چاہیئیں جو وہ کرونا سے بچنے کے لئے کرتے تھے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سردیاں بڑھنے پر ان بیماریوں کا پھیلاو خوفزدہ ہونے کی بات نہیں لیکن احتیاط نہ کی گئی تو یہ کرونا کے وائرس ہی کی طرح زیادہ متاثر کرنا شروع کردے گا۔