وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات دورے کے دوران کوپ ٹوئنٹی ایٹھ میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے جاری بات چیت کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نے پاکستانی وفد کی جاری بات چیت اور لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کی آپریشنلائزیشن کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ وزیر اعظم نے پاکستان پویلین میں انیس پاکستانی مصوروں کی جانب سے ہماری بدلتی دنیا کی صحیح عکاسی کرتی ہوئی تصویری نمائش کلائمیٹ کرونیکلزکو خصوصی سراہااور ماحولیاتی تبدیلیوں کے ضمن میں کی جانے والی ایسی کاوشوں کی حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیا۔
آج وزیراعظم پاکستان پویلین میں پچیس جامع پراجیکٹس پر مشتمل لیونگ انڈس انیشی ایٹیو کی رونمائی کریں گے۔ یہ انیشی ایٹیو انڈس بیسن کی صحت کو قطعی طور پر ماحول دوست اور قدرتی طریقوں سے بحال کرنے کیلئے ترتیب دیا گیا ہے۔کوپ ٹوئنٹی ایٹھ کےموقع پرایسٹونیاکی وزیر اعظم کاجا کلس نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور ماحول کے حوالے سے جاری بات چیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ملاقات میں دنیا کو درپیش ماحولیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے باہمی عزم کا اظہار کیا کانفرنس کےموقع پر اس سفارتکاری نے ماحولیاتی مسائل سے نبردآزما ہونے کیلئے بین الاقوامی شراکت داریوں کی نئی راہیں متعین کی ہیں۔ وزیر اعظم کاجا کلس نےلاس اینڈ ڈیمج فنڈ کے قیام پر پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی پاکستان میں جاری زرعی منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔