ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد جواد طارق نےنیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ نون کی حدودمیں بچے سمیت 4 افرادکا قتل کیا گیااور 9 سال کی بچی کواغواکیا گیا، ہماری ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی تھی، قتل کا وقوعہ خاندانی دشمنی کی وجہ سے پیش آیا، فوری مقدمہ درج کیا گیا۔
جوادطارق نے بتایا کہ ڈیجیٹل اورسیف سٹی کے کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی گئیں،قتل کے اس وقوعہ میں خاتون سمیت 3 افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں،گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق لوئر دیر سے ہے،تحقیقات جاری ہیں،مغوی بچی کو بازیاب کرا لیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بارہ کہو میں 42 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ڈکیتی میں دکان کا ملازم بھی شامل تھا،30 لاکھ روپےکی برآمدگی کی گئی،شہزاد گینگ کے 5 کارندے گرفتار کر لئے گئے،یہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث تھے،گینگز سے 20 موبائل فون برآمد کر لئے گئے،ملزمان کیخلاف راولپنڈی میں بھی مقدمات درج ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ رمنا،کراچی کمپنی کی حدود میں وارداتوں میں ملوث گینگزکے3 کارندے گرفتار کر لئے گئے،ملزمان سے نقدی، موبائل فون، اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کئے گئے،گینگز سے مجموعی طور پر 54 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی۔






















