عوام نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کے میچز میں تماشائیوں کو آنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔
سوشل میڈیا پر جاری مہم میں صارفین کا کہنا ہے کہ کرکٹ صرف کھیل نہیں، قوم کا جذبہ ہے، اب میچزخالی اسٹیڈیمز میں نہیں، بلکہ بھرپور عوامی جوش اور جذبے کے ساتھ ہونے چاہیے۔ حکومت اور وزیراعظم سے اپیل ہے کہ عوام کو اپنے ہیروز کو میدان میں سپورٹ کرنے کا موقع دیا جائے۔
واضح رہے کہ کفایت شعاری اقدامات کے باوجود وزیراعظم شہبازشریف نے پی ایس ایل الیون کے فائنل میں تماشائیوں کو آنے کی اجازت دیدی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ہفتے کو اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 11 کا فائنل شائقین کی موجودگی میں کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل 11 کا فاٸنل میچ 3 مٸی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے 22 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ خطے کی صورت حال اور اس کے نتیجے میں حکومتی کفایت شعاری مہم کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہوں ایڈیشن کے میچ صرف لاہور اور کراچی میں بغیر تماشائیوں کے منعقد ہوں گے۔





















