پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ( سی ای سی ) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شرکت کی۔
پیپلزپارٹی نے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ ( ن ) پر انتخابات میں التوا کی کوششوں میں شریک ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کےاجلاس میں پی پی ارکان کی جانب سے نگران حکومت پر شدید تنقید کی گئی اور نگران کابینہ میں ن لیگی ارکان کی موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
فواد حسن فواد ، احد چیمہ اور عمر سیف کی نگران کابینہ میں شمولیت کو لے کر اراکین نے ایک بار پھر لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کیا۔
پی پی ارکان کا کہنا تھا کہ ن لیگی ارکان پیپلزپارٹی پر مسلسل تنقید کررہے ہیں ، پارٹی قیادت معاملے کو دیکھے ۔
سی ای سی ارکان نے مردم شماری کے نتائج پر بھی اعتراضات اٹھائے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی مردم شماری کے حوالے سے اہم فیصلے کا جلد اعلان کرے گی۔