جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات طبی ٹیم نے پاکستانی سمیت 2 عمرہ زائرین کی جان بچالی ہے جنہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق دل کا دورہ پڑنے سے زندگی اور موت کی کشمکش میں جانیوالے عمرہ زائرین میں ایک پاکستانی ہے جس کی عمر 70 سال ہے جبکہ دوسرا 68 سالہ ازبک زائر ہے۔
طبی ٹیم کا کہنا ہے کہ دونوں عمرہ زائرین کے دل کی دھڑکن مکمل طور پر بند ہوگئی تھی، بر وقت طبی امداد سے دل کی دھڑکن بحال کرکے دونوں کی جان بچالی گئی۔
جدہ ایئرپورٹ کی طبی ٹیم نے کہا کہ ایئرپورٹ پر زائرین اور مسافروں کو طبی خدمات کی فراہمی کیلئے اہلکار 24 گھنٹے موجود ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر طبی ٹیم کے پاس جان بچانے کیلئے تمام آلات موجود ہیں جبکہ ہنگامی حالات میں مسافروں کو قریبی اسپتال منتقل کرنے کی بھی سہولت ہے۔