پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائرز مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نامرادتبدیلی پاکستان اورخیبر پختونخواکوڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی، یہاں صرف یہ تبدیلی آئی کہ خیبرپختونخوا کے پاس تنخواہیں اورپنشن کیلئے پیسے نہ رہے۔
لاہورمیں مریم نواز شریف سے خیبر پختونخوا کے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ یوتھ کوآرڈینیٹرز نے ملاقات کی، ملاقات میں یونین کونسل کی سطح تک یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری کے امور پر مشاورت کی گئی، جبکہ تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو خیبرپختونخوا کی سب سے زیادہ ضرورت ہے،دس سال میں خیبرپختون خوا کو کنگال صوبہ بنادیاگیا ، بی آرٹی اور بلین ٹری سونامی کے نام پربدترین کرپشن اور لوٹ ماری جاری رہی،سال میں350ڈیم تو نہ بن سکے، قوم کو قدم قدم پرڈیم فول بنایاگیا۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں دس سال میں ایک ہسپتال، ایک کالج، ایک یونیورسٹی نہ بن سکی، صرف یہ تبدیلی آئی کہ خیبرپختونخوا کے پاس تنخواہیں اور پنشن کیلئے پیسے نہ رہے،پاکستان کی طرح خیبر پختونخوا پرتاریخ کا سب سےزیادہ قرض لاد کر بھاگ گئے،نامرادتبدیلی پاکستان اورخیبرپختونخواکوڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی۔
چیف آرگنائرز ن لیگ نے کہانواز شریف نےیکم جنوری2016کوصحت کارڈ کا آغاز کیا تھااور پورے پاکستان میں سب سے پہلےخیبرپختونخوا کو نواز شریف نےصحت کارڈ دیاتھا، لیکن خیبرپختونخوا کے غیرتمند اور وفاشعارعوام کو ریاست سےلڑانےکی سازش کی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ لوٹنےوالوں نےخیبرپختونخوا اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کرلئے، خیبر پختونخوا کی10سال کی محرومیاں دورکریں گے،اوراس صوبے میں جدیداسپتال، بہترین تعلیمی ادارے بنائیں گے۔
اس موقع پر ملاقات کرنے والے خیبرپختونخوا کے یوتھ کوآرڈینیٹرزنے مریم نوازکا ورکرز کی حوصلہ افزائی کرنے پرشکریہ ادا کیا۔