صادق آباد میں ڈاکوؤں کی جانب سے گنے کی فصل کی کٹائی کےلیے جانے والے کسانوں پرفائرنگ کردی گئی تھی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی زخمی اہلکاروں کاحوصلہ بڑھانے کیلئے شیخ زیداسپتال رحیم یارخان پہنچ گئے ۔
رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی نےزخمی کانسٹیبلوں کی عیادت کی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی کسان کی بھی عیادت کی،وزیراعلیٰ ہرزخمی کے پاس گئے اور بات چیت کی، زخمی کانسٹیبلوں میں نوید، جمیل،عمران، عبد الرزاق، آصف اور سرور شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں سے واقعہ کی تفصیلات بھی معلوم کیں محسن نقوی نے زخمی اہلکارو ں کا حوصلہ بڑھایا اورانہیں شاباش دی،اس موقع پر نگرن وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کچےمیں ڈاکوؤں سےمقابلہ کرنیوالے پولیس افسراور اہلکار حقیقی ہیرو ہیں
محسن نقوی کیساتھ صوبائی وزراء عامر میر، ابراہیم حسن مراد، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ڈی پی او رحیم یار خان اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔۔
محسن نقوی نے ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ کچے کے علاقے میں کاشت فصلوں کی فوری کٹائی کی جائے تاکہ شرپسندوں کو چھپنے کی جگہ نہ ملے ۔
خیال رہے کہ صادق آباد میں ڈاکوؤں کی جانب سے گنے کی فصل کی کٹائی کےلیے جانے والے کسانوں پرفائرنگ کردی گئی حملے میں 5 کسان اور ایک راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ڈاکوؤں نے پولیس ٹیم پر بھی گولیاں برسائیں، دو اہلکار جان سے گئے۔
واقعہ کے بعد جائے وقوعہ پر پولیس پہنچی تو ڈاکوؤں نے راکٹ لانچر اورجدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا، جس سے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
کماد میں چھپے ڈاکو نکالنے کیلئے پولیس نے کھیت کوآگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق کچہ ماچھکہ میں شر اور کوش گینگ نے حملہ کیا ہے، جن کے خلاف آپریشن جاری ہے۔