چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ضمانت کے لئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے اپنے وکلاء لطیف کھوسہ ، انتظارپنجوتھا اور علی اعجاز کے ذریعے احتساب عدالت میں درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیارکیا گیا کہ درخواستگزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں،ان کیخلاف سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے کیس سے انکی شہرت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
درخواست ضمانت میں چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب ) اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ استدعا کی گئی ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوٹس جاری کر دیئے جبکہ نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کمرہ عدالت میں ہی نوٹس وصول بھی کرلیا۔
بعدازاں، احتساب عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔