وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کی بجائے جنگ شروع کرنے والے نیتن یاہو کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے، امیر جماعت اسلامی آل پارٹیز کانفرنس بلا کر تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں ۔
ان کا کہناتھا کہ وہ گروہ جوملک میں افراتفری چاہتےہیں ان کیلئےکوئی گنجائش نہیں ہے، پوری دنیا جنگ کو بند کروانے کیلئے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، وزیراعظم،فیلڈمارشل،اسحاق ڈار نے اعتماد کی فضاقائم کی ہے، آج ایران پاکستان کا مشکور ہے، پاکستان ہی اس بحران کو حل کرنے کی پوزیشن میں ہے، اس میں بھی اللہ پاکستان کو سرخرو کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کرایوں میں کم اضافہ کریں ، پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کو فری کر دیاگیاہے، وزیراعظم نےکل ہی پیٹرول کی قیمت میں 80روپےکی کمی کی ہے، مجبوری کی حالت میں یہ اقدامات اٹھانے پڑے ہیں، ان اقدامات سے قبل تمام وزرائےاعلیٰ اور رہنماوں سے مشاورت ہوئی ، کوشش ہو رہی ہےجہاں بھی ممکن ہو عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔
ان کا کہناتھا کہ ہو سکتا ہے کہ موٹر سائیکل والوں کی شائد پیٹرول سے جان چھوٹ جائے، ہو سکتا ہے کوئی ایسا اقدام اٹھایا جائے کہ موٹر سائیکل والوں کی پیٹرول سے جان ہی چھوٹ جائے، جماعت اسلامی کےحافظ نعیم محب وطن اور متحرک سیاسی ورکررہیں، ان سے کہوں گا اےپی سی بلائیں ،دیگرجماعتوں کو بھی مدعو کریں، بہتری کی تجاویز دیں ،حکومت کے خلاف احتجاج بنتا نہیں ہے، موجودہ بحران پاکستان کا پیدا کردہ نہیں ہے، اگراحتجاج کرنا ہے توان کے خلاف کریں جنہوں نے یہ جنگ شروع کی، اسرائیل اورنیتن یاہو کے خلاف احتجاج ہونا چاہیے، امریکا میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے۔






















