آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بیٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 14 دسمبر سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
انٹرویو میں عثمان خواجہ نے بابر اعظم، امام الحق اور عبداللہ شفیق جیسے اہم کھلاڑیوں کی متاثر کن کارکردگی پر روشنی ڈالی اور زور دے کر کہا کہ یہ بیٹنگ کمبی نیشن سب سے زیادہ زبردست ہے جس کا انہوں نے پاکستان سے مشاہدہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ آسٹریلیا میں مثبت کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، شان مسعود
آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی بہتر ٹیموں میں سے ایک ہے، ان کے پاس اچھی بیٹنگ ہے اور اس کے پاس ہمیشہ بہترین فاسٹ باؤلرز ہوتے ہیں، ماضی کی ٹیموں کو دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ یہ پاکستان کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے۔
عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے جبکہ امام الحق اور عبداللہ شفیق نے بھی بہت زیادہ رنز بنائے ہیں لہٰذا میں اس چیلنج کو لے کر بہت پرجوش ہوں۔
یہ بھی پڑھیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں محمد رضوان اور سرفراز میں سے کس کو کھلائیں گے؟ کپتان شان مسعود نے بتا دیا
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم تینوں فارمیٹس کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں اور اسٹیو اسمتھ ہمارے بہترین بیٹر ہیں، جب وہ دونوں یہاں سیریز کھیلیں گے تو یہ دلچسپ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بابر کے بارے میں ایک بڑی بات یہ ہے کہ وہ صرف پاکستان میں ہی رنز نہیں بناتا بلکہ وہ بیرون ملک بھی رنز بناتا ہے، ماضی میں اس نے یہاں سنچری بنائی ہے۔
میرے خیال میں شاہین شاہ اور مچل سٹارک دونوں بہت تیز باؤلر ہیں اور دونوں 145 تک باؤلنگ کر سکتے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ سٹارک نئی گیند کو سوئنگ کر سکتے ہیں جبکہ شاہین کی کلائی بہت اچھی ہے اور وہ یقینی طور پر گیند کو سوئنگ کرتے ہیں۔