وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی کی زیرصدارت نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میںگزشتہ 2سال کی معاشی شرح نمو کے اعدادوشمار پر نظرثانی کردی گئی ہے۔
نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق پی ڈی ایم حکومت کےآخری مالی سال کی معاشی شرح نمومثبت سےمنفی کردی گئی مالی سال2022-23 میں معاشی شرح نمو منفی0.17 فیصد رہی ہے اتحادی حکومت نے2022-23 کیلئے معاشی شرح نمو0.29 فیصد ظاہر کی تھی ۔
کمیٹی نےپی ٹی آئی حکومت کےآخری مالی سال کی معاشی شرح نمومیں اضافہ کردیا پی ٹی آئی حکومت کےآخری مالی سال2021-22 میں معاشی شرح نمو6.17 فیصد رہی ہےاتحادی حکومت نے مالی سال 2021-22 کیلئےمعاشی شرح نمو6.10 فیصد ظاہرکی تھی،رواں مالی سال جولائی تا ستمبر 2023 میں معاشی شرح نمو 2.13 فیصد رہی ہےجولائی تا ستمبر 2022 معاشی شرح نمو 0.96 فیصد تھی۔
اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال زرعی شعبےکی گروتھ 5 فیصد، انڈسٹری کی 2.48 فیصد رہی ہے جبکہ خدمات کےشعبے کی گروتھ 0.82 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چاول کی پیداوارمیں 21 فیصد، کپاس کی پیداوار11فیصد،مکئی کی پیداوار میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رواں سیزن کے دوران گنے کی پیداوار میں 11 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ،جولائی سے ستمبر کے دوران معدنیات کے شعبے کی گروتھ 2.15 فیصد ریکارڈ کی گئی۔