پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ کے پہلے پریکٹس میچ میں کیویز کو 57 رنز سے شکست دے دی۔
برٹ سٹکلف اوول لنکن میں کھیلے گئے 50 اوورز کے پہلے پریکٹس میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی تمام 17 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، چونکہ یہ پریکٹس میچ تھا لہذا اس میں دونوں ٹیموں کی 15، 15 بیٹرز نے بیٹنگ کی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 238 رنز بنائے ، وکٹ کیپر بیٹر نجیہہ علوی نے دو چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے جبکہ عمیمہ سہیل نے دو چوکوں کی مدد سے 24 رنز اسکور کیے۔
کیویز الیون ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 181 رنز بناسکی اور اس کی 13 وکٹیں، گریں اے جی گرکن نے چھ چوکوں کی مدد سے42 جبکہ این ایچ پٹیل نے24 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان ندا ڈار نے صرف 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔