پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر بشریٰ بی بی کی گاڑی کے گھیراؤ اور نعرے بازی کی مذمت کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی اجلاس میں الیکشن کمیشن کے دئیے گئے ٹائم فریم میں انٹرا پارٹی انتخابات کرانے پر غور کیا گیا۔ مقررہ وقت میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔ سیاسی صورتحال،تنظیمی سرگرمیوں اور پارٹی ارکان کے خلاف مقدمے پر غور کیا گیا۔
پی ٹی آئی کورکمیٹی اجلاس میں کور کمیٹی کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر بشریٰ بی بی کی گاڑی کے گھیراؤ اور نعرے بازی کی مذمت کی گئی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ایسی حرکات سے چیئرمین پی ٹی آئی کی جدوجہد کم نہیں کی جاسکتی۔ سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا اور اُنکی خواتین کو ہراساں کرنا ن لیگ کا وطیرہ ہے۔
کور کمیٹی کی جانب سے سینئیر نائب صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا جبکہ چئیرمین پی ٹی آئی کی عدالت پیشی پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے مطالبے کا اعادہ بھی کیا گیا۔