صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مجھے بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی دی تھی اب جیل میں بہانے تلاش کر رہا ہے۔ جیل مردوں کی طرح کاٹی جاتی ہے، رونے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
صادق آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں صدرمملکت کا کہنا تھا جتنا آپ جھکیں گے اتنی عزت ملے گی اور قیادت وہی کر سکتا ہے جو اپنی عوام کے ساتھ کھڑا ہو۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو وزیراعظم اور مخدوم احمد محمود کو گورنر بنایا، کیونکہ پیپلز پارٹی ورکر کو آگے لانے پر یقین رکھتی ہے، ایک عام کارکن بھی ایم پی اے بن سکتا ہے۔
محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے 24 سال کی عمر میں جیل کاٹی اور 5 سال سکھر جیل میں قید رہیں۔ بی بی نہ ڈرنے والے شہید بھٹو کی بیٹی تھیں اور شہادت ان کے نصیب میں تھی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی اونرشپ پیپلزپارٹی کے پاس ہے، کپتان شپتان نکلتے رہتے ہیں اِن کو ہم سنبھال لیں گے۔ صدرمملکت نے ناراض بلوچوں کو مذاکرات سے مسائل حل کرنے کی دعوت بھی دی، کہا بندوق کا نہیں اب مذاکرات کا زمانہ ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پنجاب کے کچے کے علاقے میں یونیورسٹی سندھ حکومت بنائے گی اور وہ خود چاہتے ہیں کہ یہاں میڈیکل یونیورسٹی قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی اجازت صدر دیتا ہے اور وہ یہ اجازت ضرور دیں گے۔





















