وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ لوگ پراپیگنڈا کررہے ہیں، کراچی کو صوبہ بنانے کی بات کررہے ہیں مگر کراچی کے شہری نہیں چاہتے صوبہ بنے۔
کراچی میں پل کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی نے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے کام پر توجہ دیں، لوگوں کو ورغلانے پر نہیں، کراچی کو صوبہ بنانے کی باتیں ہورہی ہیں، نہ میری مرضی چلے گی نہ کسی اور کی، جو آئین میں ہے وہی ٹھیک ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے پنجاب اسمبلی قرارداد پاس کرچکی، سندھ حکومت کسی صورت ایسا نہیں کرے گی۔ سندھ نے پاکستان بنایا ہے،کسی کو تاریخ نہیں پتہ وہ تاریخ پڑھ لے اگرتم اس صوبے کو توڑنے کی بات کرتے ہو تو پاکستان کے ساتھ سچے نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نام لیے بغیر ایم کیو ایم کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرو وہ تو ہمارا منشورہے، جب انکے باس اختیارتھا تب اس شہرمیں دہشت گردی اور بوری بند لاشیں نظر آئی، کراچی کے ساتھ مزید کھلواڑ کا اختیار نہیں ملے گا۔





















