ٹی 20 ورلڈکپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔
کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت کے 176 رنز کے تعاقب میں پاکستان کرکٹ ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت نے پاکستان کو61رنز سے ہرادیا۔
پاکستان کے7 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوئے، پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے سب سے زیادہ 44 رنز اسکور کیے، صائم ایوب 6، بابراعظم 5 اور سلمان آغا 4 رنز بناسکے۔ شاداب خان 14، محمد نواز4، صاحبزادہ فرحان صفر پر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں پر 175رنز بنائے، ایشان کشن 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ابھیشیک شرما اور ہاردک پانڈیا صفر،تلک ورما نے 25 رنز بنائے۔ سوریا کمار یادیو نے32 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔
بھارتی ٹیم نے پاور پلے میں ایک وکٹ پر52 رنز بنائے، بھارت نے پہلے 10 اوور میں 92،آخری 10اوورمیں 83 رنزبنائے، بھارتی ٹیم کی سنچری 11.1اوور میں مکمل ہوئی۔ بھارتی ٹیم نے 43 ڈاٹ بالز کھیلیں، بھارتی اننگز میں 19 چوکے ، 6 چھکے شامل ہیں۔
بھارتیوں کے ہاتھوں کرکٹ کی پھر رسوائی
بھارت کے ہاتھوں کرکٹ کی پھر رسوائی، گیم آف جنٹلمین کا وقار پھر داغ دار کردیا ۔ ایشیاکپ کے بعد ورلڈکپ میں بھی انڈین کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ہینڈ شیک نہیں کیا۔ شائقین نے بھارتی ٹیم کے ہتھکنڈوں کو شرمناک قرار دیا۔
خیال رہے کہ بھارت نے کافی عرصے سے انٹرنیشنل میچز میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہینڈ شیک نہ کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ اس حوالے سے بھارت کو ناصرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک سے بھی تنقیدکا سامنا ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر نے میچ سے پہلے ہاتھ نہ ملانے کو احمقانہ حرکت قراردیا تھا۔





















