اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھوں کا معائنہ مکمل ہوگیا۔
اڈیالہ جیل میں میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں آنکھوں کا تفصیلی چیک اپ کیا گیا۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات میں طبی معائنہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی، ٹیکنیشن بھی 5رکنی ڈاکٹرزکی ٹیم کے ہمراہ تھے، ڈاکٹراپنی رپورٹ مکمل کرکے حکومت کے حوالے کریں گے۔
ڈاکٹرز نے تقریباً ایک گھنٹہ تک اڈیالہ جیل میں بانی کا طبی معائنہ کیا، ڈاکٹرزکی ٹیم میں ڈاکٹررفاق،ڈاکٹرسکندر،ڈاکٹرعارف بھی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی دعوت اور انتظار کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی رہنما اڈیالہ جیل نہیں پہنچا۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی صحت کے معاملے سے متعلق ہولی فیملی اسپتال کی ایمبولینس اڈیالہ جیل پہنچ گئی تھی۔ ایمبولینس میں ادویات اور مختلف طبی آلات جیل منتقل کیے گئے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے حکومت نے میڈیکل پینل تشکیل دے دیا ہے۔ پینل میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہیں۔





















