چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں اعلٰی سطح وفد کی نیویارک میں سیکرٹری جنرل یو این جنرل اسمبلی اینالینا بیئربوک سے ملاقات ہوئی جس دوران چیئرمین سینیٹ نے اقوام متحدہ کو کثیرالجہتی تعاون کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر بھی زور دیا، دوسری طرف چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔
پاکستان کے پارلیمانی وفد نے سیکرٹری جنرل یو این جنرل اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔ نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں پاکستانی وفد نے مسئلہ کشمیر کے حل اوردہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور تنازعات کے پُرامن حل کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ بھارت نے مزید عدم استحکام پیدا کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل کیا ہے۔ بھارتی اقدام معاہدے اور سرحد پار آبی وسائل سے متعلق عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے صدر جنرل اسمبلی کو پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات سے بھی آگاہ کیا۔۔ کہا کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے، القاعدہ اور داعش افغانستان میں سرگرم ہیں۔
یہ دہشت گرد تنظیمیں بلاروک ٹوک افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہی ہیں۔ دوسری طرف چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری پاکستان کی عالمی شناخت کامتحرک اور ناگزیر ستون بن چکی۔ امریکی نژاد بھارتی رہنما بوبی کمار بھی عشائیے میں شریک ہوئے اور پاکستان سے خاندانی وابستگی کا اظہار کیا۔






















