وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ملک اور خیبرپختونخوا کو کمزور کرنا چاہتےہیں، عمران خان اور اور ان کے خاندان کا کردار کھل کرسامنے آچکا ہے۔
خواجہ آصف نے علیمہ خان کا بیان پاکستان کی سالمیت کیخلاف قراردے دیا، کہا علیمہ خان نے بیان دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اگر رہا نہیں ہوتے تو ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو مل کر صوبہ خیبرپختونخوا کو بند کردینا چاہئے۔ پاکستان کسی جاگیر نہیں ہے، یہ نہ میری اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی اور اس کے خاندان کے جاگیر ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں دہشتگردی کا واقعہ ہو یا خیبرپختونخوا کے حالات، ہم مشکل اور چیلنجنگ حالات سے گزر رہے ہیں، ہمارے فوجی جوان مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، جیسے ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا انشاء اللہ ان تمام چیلنجز سے بھی سرخرو ہونگے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اس جماعت کی تمام تر سیاست بانی پی ٹی آئی کی قید سے شروع ہو کر اسی پرہی ختم ہو جاتی ہے، اگر صوبہ خیبرپختونخوا وفاق کے ساتھ ورکنگ ریلشن شپ رکھنا چاہتا ہے تو اس جماعت کو یہ بھی قابل قبول نہیں ہے، پاکستان 25 کروڑ عوام کا ملک ہے اور اس عوام کے بھی اتنے ہی حقوق ہیں جتنے بانی پی ٹی آئی کے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو قانون کا سامنا کرنا چاہئے جو گرہیں انہوں نے ملک کیلئے باندھی تھیں آج وہ ہم دانتوں سے کھول رہے ہیں، اس جماعت کو پاکستان کے حقیقی مسائل اور شہداء کی لازوال قربانیوں پر بات کرنے کی کبھی توفیق نہیں ہوئی۔






















