پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 9.67 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 9.41 ملین ٹن کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔ جنوری میں 1.52 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال جنوری کے 1.38 ملین ٹن کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔
دسمبر کے مقابلے میں جنوری میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ دسمبر میں ملک میں 1.35 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 4.50 ملین ٹن پٹرول، 4.24 ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل اور 0.26 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ہوئی۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 4.37 ملین ٹن پٹرول، 4.06 ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل اور 0.41 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ پٹرول اور ڈیزل کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر بالترتیب تین اور چار فیصد کا اضافہ جبکہ فرنس آئل کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 36 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں پی ایس او کے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 4.07 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے 4.28 ملین ٹن کے مقابلے میں 5 فیصد کم ہے۔ اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 0.80 ملین ٹن جبکہ حسکول کے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 0.30 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا۔




















