وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان نے حملہ کیا، مشرقی ہمسایہ اور خوارج مل کر پاکستان کی ترقی میں کانٹا بننا چاہتے ہیں مگر انکی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان نے حملہ کیا، 17 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، دہشتگردوں نے31شہریوں کوشہید کیا، 180دہشتگرد جہنم رسید ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں نے بچوں اور خواتین کو بھی شہید کیا، ہماری بہادر فورسز نے حملہ آوروں کو بھرپور جواب دیا۔ شہدا کے بچوں کی کفالت ریاست کے ذمہ ہے، قوم اپنے بہادر سپوتوں کو ہمیشہ یاد رکھےگی۔ پوری قوم عزم کے ساتھ سیکیورٹی ایجنسیز، افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے دشمن کوذلت آمیز شکست دی، معرکہ حق کے بعد ہمارا مخالف مشرقی ہمسایہ،خوارج مل کرترقی وخوشحالی کے راستے میں کانٹا بنناچاہتے ہیں، انشاءاللہ ایساہوگا نہیں۔ انشاءاللہ دہشتگردی کامکمل خاتمہ ہوگا اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کشدگی سے متعلق پاکستان نے اپنا پورا برادرانہ کرداراداکیا، میں نے،نائب وزیراعظم، فیلڈمارشل نے ایرانی قیادت سے بات چیت کی، قطر، ترکیہ، مصر، عمان، سعودی عرب کی کوشش ہے بات چیت سے راستہ نکل آئے۔ ایسا راستہ نکل آئے جس سے خطے میں منڈلانے والے خطرات ختم ہوجائیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیریوں سے وابستگی کا اظہار کریں گے، کل ساتھیوں کے ساتھ آزاد کشمیر جاؤں گا،بھرپوریکجہتی کاپیغام دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرسوں میرے پاس تشریف لائےتھے، بڑی اچھی گفتگو ہوئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو انتخاب کے دن ہی فون کیا، خیبرپختونخوا کو800ارب روپے این ایف سی کے ذریعے دیئےگئے، ادائیگیوں میں تاخیر پر فوری احسن اقبال،وزیرخزانہ کے ذمے لگایا، سہیل آفریدی سے اچھی نشست ہوئی،امید ہے معاملہ آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ اور تمام ذیلی کمیٹیوں کیلئے سمریز میں مکمل جانچ پڑتال کے بعد حقائق درج کریں۔ وفاقی کابینہ نے ای سی سی ، ریاستی ملکیتی ادراوں سے متعلقہ کابینہ کمیٹی اور سی سی ایل سی کے فیصلوں کی توثیق بھی کر دی۔





















