لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کو قتل کردیا گیا،قذافی خاندان کے قریبی ذرائع نے تصدیق کردی۔
عرب میڈیا رپورٹس کےمطابق سیف الاسلام قذافی کا قتل چارافراد نےکیا، انہیں باغ میں گولی ماری گئی جس کے بعد ملزمان فرارہوگئے،لیبیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی لانا نےانکے مشیر عبداللّٰہ عثمان کےحوالے سے ان کی موت کی تصدیق کی ہے،سیف الاسلام کو طویل عرصے سے اپنے والد کا جانشین سمجھا جا رہا تھا۔
سیف الاسلام قذافی کون تھے؟
سیف الاسلام قذافی لیبیا میں ایک متنازع شخصیت تھے۔ انہوں نے لندن اسکول آف اکنامکس سے تعلیم حاصل کی انھیں روانی سے انگریزی بولنے میں مہارت حاصل تھی،جس کی وجہ سے وہ کئی مغربی حکومتوں کے لیے ایک قابلِ قبول اور مغرب دوست چہرہ سمجھے جاتے تھے۔
تاہم 2011 میں اپنے والد کےدورِحکومت کےدوران باغیوں کے خلاف ایک بےرحم کریک ڈاؤن کی قیادت کرنے کے الزامات بھی ان پر عائد کیے گئے۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے انکے خلاف "قتل اور ظلم و ستم" کے الزامات پر گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔ 2015 میں کریک ڈاؤن میں انکےکردار کے باعث انہیں غیرحاضری میں سزائے موت سنائی گئی۔





















