وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی۔ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور موٹر وے منصوبوں پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کینڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈین حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کی خواہاں ہے۔ ٹورنٹو میں آئندہ ماہ اسمال بزنس کنونشن بھی منعقد ہو رہا ہے۔ کینیڈین کمپنیاں بدلتے تقاضوں کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں ۔ لائیو اسٹاک۔ زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا پاکستان مختلف شعبوں میں پیداوار بڑھانا چاہتا ہے ۔ نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے۔ ملاقات میں کراچی۔ حیدرآباد اور سکھر موٹر وے کی تعمیر پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ نئی موٹر وے کو کراچی پورٹ سے منسلک کیا جا رہا ہے جو سرمایہ کاری کا نادر موقع ہے۔ کھاریاں سے راولپنڈی موٹر وے سرمایہ کاری کے لیے اوپن ہے اور اسے 6 لین کیا جائے گا جبکہ مانسہرہ اور گلگت موٹر وے بھی اہم منصوبہ ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کینیڈا اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے وفود کا تبادلہ ممکن ہے اور کینیڈین سرمایہ کاروں کو پاکستان آکر کاروباری مواقع دیکھنے چاہئیں۔ وفاقی وزیرمواصلات نے مارچ میں تجارتی وفود کے تبادلوں کی تجویز دے دی۔






















