ایچ بی ایف سی کی نجکاری کے دوسرے مرحلے اور اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی منظوری دے دی گئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس میں سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کے لیے دوسرے مرحلے کی منظوری دی گئی، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو نجکاری کمیشن کے ذریعے آؤٹ سورس کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے نجکاری کے عمل میں شفافیت اور منصفانہ مارکیٹ ویلیو کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا اور ہدایت کی کہ نجکاری میں اثاثوں کے ساتھ مستقبل کے کاروباری امکانات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجکاری سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور اداروں کی کارکردگی بہتر ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے نجکاری کے ذریعے اداروں کو مارکیٹ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر توانائی اویس لغاری سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔






















