قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر 2 روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچ گئے۔
نورخان ایئربیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، دورہ پاکستان کےلیے قازقستان کے صدر کے ہمراہ سینئر وزراء اور سرکاری حکام پر مشتمل وفد بھی موجود ہے۔
معزز مہمان صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ قازقستان کے صدر کا دورہ خطے میں امن و ترقی کے مشترکہ وژن کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
صدر قازقستان قاسم جومارت توقایف پاکستان قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے صدر قازقستان کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کے جائزے اور تعاون کے نئے امکانات پر غور میں معاون ہوگا۔ تجارت، لاجسٹکس، علاقائی و عوامی روابط کے فروغ کے امکانات تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔






















