آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز کا جیت کے ساتھ آغاز کرنے پر صدرمملکت اور وزیراعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ پہلے میچ میں شاہینوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا ۔ یہ بھی کہا ٹیم اگر یونہی لگن کے ساتھ محنت کرتی رہی تو پوری سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صدر مملک آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا قومی کرکٹ ٹیم کی قابل فخر فتح نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا، کھلاڑیوں کی منظم حکمت عملی، اعلیٰ نظم و ضبط اور ٹیم ورک نےمیدان میں پاکستان کا وقار بلند کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے شاہینوں بالخصوص بالرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کیخلاف طویل عرصے بعد فتح بلاشبہ کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے اس جیت پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی،ان کی ٹیم اور کوچز کو بھی لائق تحسین قرار دیا اور کہا کہ سیریز کے آئندہ میچزکیلئے پوری قوم کی نیک تمنائیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔






















