پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد فضائی رابطے بحال ہوگئے۔
ڈھاکا سے بمان ایئر کی پرواز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی۔ بنگلادیشی ایئرلائن کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا ۔ بمان ایئر کی پرواز ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی جو 149 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی ہے ۔
اِس موقع پر مسافروں نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا ۔ ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب بھی سجائی گئی ۔ کیک کاٹا گیا ۔ تقریب میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور بنگلادیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب صداقت نے شرکت کی۔ بمان ایئرلائن ہفتے میں دو پروازیں کراچی اور ڈھاکا کے درمیان چلائے گی۔ دوسری پرواز کے زیادہ ترٹکٹ بھی فروخت ہوچکے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ 14 سال بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں بحال ہوئی ہیں، یہ صرف فضائی اشتراک نہیں زندگی کے ہرشعبہ میں تعاون بڑھےگا، آج کئی سال بعدسازشیں دم توڑگئیں، مودی صرف پاکستان میں نہیں بنگلہ دیش میں بھی بدامنی کاذمے دارہے۔





















