کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش شروع ہوگئی، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ شام سے جاری ہے، جس سے موسم سرد ہوگیا۔
کراچی کے علاقوں کورنگی، صدر، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ گلشن اقبال، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا، لانڈھی، نیوکراچی اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلدیہ ٹاؤن، سائٹ ایریا، سہراب گوٹھ،ملیر، شاہ فیصل، گڈاپ اور دیگر علاقوں سمیت شہر میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم سرد ہوگیا۔
شہر قائد میں بارش کا سلسلہ شام میں شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری ہے، رات 11 بجے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی اطلاعات ملیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی جبکہ اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارش متوقع ہے۔