آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے سائفر کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔ جج ابوالحسنات نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تحریری فیصلہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ہمیں اس بات سے نظر نہیں پھیرنی چاہیے کہ یہ ایک ٹاپ سیکرٹ کیس ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی مقدمے میں ایک کردار کے تحت نامزد ہیں اور ان کے خلاف کافی مجرمانہ مواد موجود ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے دفعہ 5 اور 9 کے تحت ناقابل ضمانت جرم کا ارتکاب کیااور ان کی ضمانت مسترد کرنے کیلئے ریکارڈ ہی کافی ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستیں مستردکی جاتی ہیں۔