اسلام آباد میں اسکول بس حادثے میں ٹیچر جاں بحق ہوگئی جبکہ 20 سے زائد بچے زخمی ہوگئے، ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے، بس میں 13 ٹیچرز اور 31 طلبہ سوار تھے۔
اسلام آباد کے علاقے شاہدرہ کے مقام پر اسکول بس کھائی میں گر گئی، حادثے میں خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئی جبکہ 20 سے زائد بچے زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد ڈرائیور محمد ریاض موقع سے فرار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ٹیچر کی لاش اور زخمیوں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق خاتون ٹیچر کی شناخت شناخت ہانیہ کے نام سے ہوئی، جس کی عمر 22 سال ہے، بس میں 13 ٹیچرز سمیت 54 افراد سوار تھے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی شکار اسکول بس میں 22 بچے اور 19 بچیاں سوار تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولی کلینک لائے گئے زخمیوں میں 2 بچیاں بھی شامل ہیں جن کی عمریں 9 سال سے 12 سال تک ہیں، ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے، بچے کی کم کی ہڈی ٹوٹ گئی، جسے بے نظیر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حادثہ سہ پہر ساڑھے 3 بجے ہوا، بس حادثہ ڈرائیور کی غفلت کی وجہ ہوا، بس پیچھے جانے لگی تو بچے بس سے نکلے، بس سے چھلانگ لگانے پر ایک بچی پتھر لگنے سے زخمی ہوئی، یہاں پر سیفٹی بیریئرز نہ ہونے کی وجہ سے حادثات ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں حادثے کا شکار ہونیوالی اسکول بس میں سوار بچوں کا تعلق شرقپور سے تھا، نجی اسکول کے طلبہ 3 روزہ تفریحی ٹور پر اسلام آباد اور مری گئے تھے۔