بابا گورونانک کے 554 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کیلئے 3ہزار سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈکے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم اور پاکستان سکھ گورودوارہ پر بندھک کمیٹی کے چیئر مین سردار امیر سنگھ نے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا اور مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے رانا شاہد سلیم نے کہا کہ سکھ یاتری پاکستان میں ہفتہ کے روز سے لے کر 4 دسمبر تک قیام کریں گے ، اپنے دس روزہ قیام کے دورا ن سکھ یاتری بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے کیلئے ننکانہ صاحب، سچا سودا، دربار کرتار پور،ڈیرہ صاحب،پنجہ صاحب جائیں گے ۔
رانا شاہد سلیم نے کہا کہ ہم سکھ یاتریوں کے جتھہ لیڈرخشویندر سنگھ کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں ، پاکستان گروئوں کی دھرتی ہے ، یہاں پر ا س مذہب کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے3ہزار کے لگ بھگ سکھ یاتریوں کو نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے ویزے جاری کئے گئے لیکن پاکستان نے کبھی کوئی پابندی نہیں لگائی۔
اگر تین ہزار سے زیادہ بھی سکھ یاتری آ جائیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے کیونکہ یہ لوگ سیرو تفریح کیلئے پاکستان نہیں آتے بلکہ اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے آ تے ہیں۔ رانا شاہد سلیم نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے قیام و طعام کا بہترین بندوبست کیا گیا ہے تاکہ انہیں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آ ئے۔
اس موقع پر سردارخشویندر سنگھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کئی بار مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے پاکستان آچکا ہوں اور ہر بار سکھ یاتریوں کیلئے پاکستانی حکومت کے انتظامات مثالی ہوتے ہیں،ہم یہاں آکر سکون اور خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔