گل پلازہ سانحے سے متعلق کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بتایا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے، اب تک 26 لاشیں عمارت سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ 13 لاشوں کی شناخت مکمل ہو چکی ہے۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ڈی این اے پروفائلنگ اور لاپتہ افراد سے متعلق کام جاری ہے، بعض لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے بعد ممکن ہو سکے گی۔ سانحے میں 75 افراد لاپتہ رپورٹ ہوئے ہیں۔
سید حسن نقوی کے مطابق پلازہ میں ہائی فلیم ایبل سامان موجود تھا اور آگ کی شدت غیر معمولی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ اپنی زندگی میں ایسی آگ نہیں دیکھی‘‘۔
کمشنر کراچی نے بتایا کہ واقعے سے متعلق اب تک جمع کیے گئے ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جبکہ دو سے چار روز میں مزید شواہد سامنے آنے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فوکس ریسکیو آپریشن پر ہے، انکوائری میں جو حقائق سامنے آئیں گے وہ عوام کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا رہا، تاہم اگر کریمنل حرکت کے شواہد ملے تو سخت کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔




















