کسٹمز انفورسمنٹ میرین یونٹ نے بلوچستان کے ساحل کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ذرائع کے مطابق اسمگلنگ کی یہ کوشش دو لانچوں کے ذریعے کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران الغفوری اور الکبیر نامی لانچوں سے مجموعی طور پر 38 ہزار 265 لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔
کسٹمز حکام نے کارروائی کے دوران لکڑی کی دونوں کشتیاں بھی قبضے میں لے لیں۔ ضبط کیے گئے ڈیزل اور لانچوں کی مجموعی مالیت تقریباً 4 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔




















