سام سنگ نے بظاہر غلطی سے اپنی 2026 کی فلیگ شپ اسمارٹ فون سیریز گلیکسی ایس 26 کے تین ماڈلز کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ کمپنی کی جانب سے سیریز کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
سام سنگ کولمبیا کی ایک پروموشنل پی ڈی ایف، جسے سب سے پہلے سام موبائل نے رپورٹ کیا، میں واضح طور پر گلیکسی ایس 26، گلیکسی ایس 26 پلس اور گلیکسی ایس 26 الٹرا کا ذکر کیا گیا۔ دستاویز میں مخصوص کریڈٹ کارڈ کے ذریعے خریداری پر 0 فیصد سود کی پیشکش کے تحت ان ماڈلز کو اہل قرار دیا گیا، جو فروری 2026 میں لانچ ہونے والی سیریز کے ماڈلز اور ناموں کی پہلی سرکاری تصدیق سمجھی جا رہی ہے۔
اس سے قبل افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سام سنگ بیس ماڈل کو گلیکسی ایس 26 پرو کے نام سے متعارف کروا سکتا ہے اور پلس ورژن کی جگہ گلیکسی ایس 26 ایج لانے کا منصوبہ ہے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق ایج ماڈل کی کم فروخت اور صارفین کی جانب سے کم پذیرائی کے باعث سام سنگ نے دوبارہ روایتی پلس برانڈنگ پر ہی قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گلیکسی ایس 26 پلس: متوقع خصوصیات
اگر سام سنگ کی جانب سے کوئی بڑی تبدیلی نہ کی گئی تو گلیکسی ایس 26 پلس اپنے گزشتہ ماڈل سے کافی حد تک مشابہ ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق اس میں 6.66 انچ کا ڈسپلے متوقع ہے، جو گلیکسی ایس 25 پلس کے 6.7 انچ اسکرین سے معمولی چھوٹا ہوگا۔ ابتدا میں ایج ماڈل کے لیے تیار کیا گیا او ایل ای ڈی پینل زیر غور تھا، تاہم آخرکار سابقہ جنریشن سے ملتا جلتا پینل استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
لانچ کی نئی تاریخ
افواہوں کے مطابق گلیکسی ایس 26 سیریز 25 فروری 2026 کو گلیکسی ان پیکڈ ایونٹ میں پیش کی جائے گی، جو سینٹرل یورپی وقت کے مطابق شام 7 بجے منعقد ہوگا۔ ڈیلابز کی رپورٹ کے مطابق یہ فونز عالمی سطح پر 11 مارچ 2026 سے فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے، جو سام سنگ کی روایتی جمعے کے بجائے بدھ کے دن ریلیز کی ایک غیر معمولی مثال ہوگی۔
قیمتوں میں اضافے کا امکان
گلیکسی ایس 26 سیریز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سی ای ایس 2026 کے دوران سام سنگ الیکٹرانکس کے شریک سی ای او ٹی ایم روہ نے عالمی میموری کی قلت اور پرزہ جات کی بڑھتی لاگت کو قیمتوں میں اضافے کی ممکنہ وجہ قرار دیا۔ سام سنگ کے گلوبل مارکیٹنگ صدر وون جن لی نے بھی کہا کہ میموری کی بلند قیمتیں مصنوعات کی قیمتوں پر اثر ڈالیں گی۔ اگرچہ کمپنی صارفین پر بوجھ کم رکھنے کی کوشش کرے گی، تاہم گلیکسی ایس 26 کی قیمتوں میں ردوبدل ناگزیر نظر آتا ہے۔




















