سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کےعلاقہ گلا پورمیں دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 14 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کےمطابق فیصل آباد کےعلاقہ کھانوانہ سےتعلق رکھنے والا ایک خاندان اسلام آباد میں قریبی عزیز کی فوتگی میں شرکت کےبعد مزدا ٹرک میں سوار ہوکر واپس فیصل آباد جا رہا تھا،ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ موٹروے شدید دھند کے باعث بندتھی،جس کے باعث مزدا ٹرک کو متبادل لوکل روٹ، کوٹ مومن کے راستے فیصل آباد جانا پڑا۔
گلا پور کےقریب شدید دھند کے باعث ڈرائیورکو راستہ نظر نہ آیا اور مزدا ٹرک بے قابو ہو کرنہرمیں جا گرا،نہر میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے ٹرک نیچے گرنے سے شدید نوعیت کا حادثہ پیش آیا،حادثے کے وقت مزدا ٹرک میں کل 23 افراد سوار تھے، جن میں سے 14 موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کےمطابق جاں بحق ہونے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں اور تمام جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے،شدید زخمی ہونے والی خواتین میں شمیم پروین،نازیہ بی بی اور ایک اور خاتون شامل ہیں،جبکہ حسنین، ظہیر، ممتاز، کاشف اور ندیم عباس معمولی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کےمطابق جاں بحق افراد کی شناخت مصری خان،حلیمہ بی بی، یاسین، سونیا بی بی، پٹھان بی بی، حانیہ، ایمان فاطمہ، رانی بی بی، حارث،وسیم، عورین، ثقلین،حورم اور آمنہ کے نام سے ہوئی ہے۔ تمام جاں بحق افراد کا تعلق فیصل آباد کے علاقہ کھانوانہ سے بتایا جا رہا ہے،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں، امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔






















