وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی چمن شاہراہ پاکستان ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ کراچی،کوئٹہ،چمن کو ملانے والی پاکستان ایکسپریس وے(N25) 2 سال میں مکمل ہو گی، پاکستان ایکسپریس وے 810 کلومیٹر طویل ہو گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کنٹریکٹر درست کام نہ کرے اسے ہٹا دیں، این 25 کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، شاہراہ کو مقررہ وقت دسمبر2027 سے پہلے مکمل کیا جائے۔
سنگ بنیاد کی تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان،گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان
این 25 کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیلئے تاریخ ساز دن ہے، وزیراعظم شہبازشریف کا تہہ دل سے مشکور ہوں، وزیراعظم کی موجودگی منصوبے کی اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ این ایچ اےکےمجموعی نیٹ ورک کا تقریباً 40 فیصد بلوچستان پر مشتمل ہے، یہ بہت بڑی ذمہ داری اور پیغام ہے کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے، وفاقی حکومت کی پالیسی ہے کہ ملک بھرمیں انٹرکنکٹیویٹی کو بہتر بنایا جائے،بلوچستان کے دور دراز علاقوں کوقومی نیٹ ورک سے جوڑنا وفاق کی پالیسی ہے، بلوچستان میں این ایچ اے کے اہم منصوبے جاری ہیں، سب اہم منصوبے پاکستان ایکسپریس وے کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔



















