پاک چین وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاک چین دوستی خطے اور دونوں ممالک میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے ناگزیر قراردیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بیجنگ میں پاک چین وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا ساتواں دور ہوا ۔ جس میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ صدارت کیں۔
ترجمان کے مطابق اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں علاقائی و عالمی سطح پر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سی پیک، تجارت، کثیرالجہتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی، فریقین نے پاک چین دوستی خطے اور دونوں ممالک میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے ناگزیر قرار دیدیا۔
بیان کے مطابق دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پرقریبی رابطہ وہم آہنگی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ شایانِ شان طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا،اس سنگ میل کو تعاون کے فروغ،بشمول سی پیک مؤثر طور پر بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی نائب وزیراعظم کا پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نئے سال کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار اور وانگ ژی نے مشترکہ طور پر پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے لوگو کی نقاب کشائی بھی کی۔ خصوصی تقریب کے ذریعے تاریخی سنگ میل کو یادگار انداز میں منانے کے لیے سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر خصوصی تصویری نمائش بھی دیکھی۔ نمائش میں پاک چین باہمی اعتماد، حمایت اور تعاون پر مبنی مشترکہ سفر کی عکاسی کی گئی۔
قبل ازیں وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چینی نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ نے چین کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کو سراہا۔






















